ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل کے منجونائک کو سماجی خدمات کے اعتراف میں  ’پرجاوانی سادھک ‘ایوارڈ

بھٹکل کے منجونائک کو سماجی خدمات کے اعتراف میں  ’پرجاوانی سادھک ‘ایوارڈ

Tue, 07 Jun 2022 20:33:51    S.O. News Service

بھٹکل:7؍ جون   (ایس اؤ نیوز) حادثات ، بے سہاروں کی مدد یا پھر کوئی سماجی کام ہو ، ایسے موقعوں پر سب سے پہلے بھٹکل میں جن سماجی خدمتگاروں کے نام زبان پر آتےہیں انہی میں سےایک نام  بھٹکل تعلقہ کے مٹھلی  کے رہنے والے منجو نائک  ہے۔ ان کی بےلوث سماجی خدمات کے اعتراف  میں ریاست کا معروف کنڑا روزنامہ ’پرجاوانی ‘ کی طرف سے انہیں  ہر سال دئیے جانےوالے ’پرجاوانی ۔2022 سادھک ‘ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

حادثات، مصیبت، آفت  ، سماوی آفات سمیت کوئی بھی ناگہانی واقعہ ہو ، بھٹکل میں ایسے چند ہی لوگ ہیں جو اطلاع پاتےہی جائےوقوع پر پہنچ جاتےہیں۔ انہی میں سے ایک نام ’منجنا ‘ تعلقہ بھر میں معروف ہے۔ منجونائک پریشانی کے حالات میں اپنا بن کر کام آتے ہیں۔ ان کی خدمات کی شہرت کا اسی سے پتہ چلتاہے کہ انہیں ریاستی سطح کے ایوارڈ سے اعزاز بخشا گیا ہے۔ جو واقعی میں بھٹکل تعلقہ کے لئے فخر کی  بات ہے۔

تعلقہ کے مٹھلی پنچایت حدود کے باشندے وینکٹ رمن نائک اور لکشمی کے بڑے بیٹے منجوکے والد اچانک موت کا شکار ہونےپر ہمددردی کے چلتے ولیج اکاؤنٹنٹ معاون کے طورپر ملازمت کرنےلگے۔ اسی طرح ساحل آن لائن کے لئے پارٹ ٹائم رپورٹنگ کرتےہوئےسماجی خدمت میں مصروف ہوگئے۔بطور مثال  انجان نعشوں کی منتقلی ، حادثات میں زخمیوں کی امداد بالخصوص زخمیوں کو فوری طور پر منی پال، اُڈپی، منگلورو کے اسپتالوں کو روانہ کرنے میں منجونائک پیش پیش رہتے ہیں ۔ کورونا کے زمانےمیں بھی انہوں نے کورونا  وارئیر کے طورپرخدمات انجام دی تھی۔ غرض مٹھلی کامنجو دن رات سماجی خدمت میں مصروف عمل دیکھاجاتاہے۔ انہیں ان کی خدمات کے اعتراف میں مقامی تنظیموں اور تعلقہ انتظامیہ کی طرف سے بھی اعزاز بخشا جاچکا  ہے۔ اب انہیں ہبلی میں منعقدہ اخبار کے پروگرام میں شال پہنا کر تہنیت کرتےہوئے اعزاز سے نوازاگیا  ہے۔ منجونائک کو ایوارڈ سے نوازے جانےپر کئی تنظیموں اور اشخاص نے مبارکبادی پیش کی ہے۔


Share: